یونیورسٹی کے بارے میں : : دوسرے وائس چانسلر (پروفیسرعبدالجلیل خان ایم پٹھان)


پروفیسراے ایم پٹھان
(دوسرے وائس چانسلر)
13مارچ 2004 ء تا 28 فروری 2009

پروفیسراے ایم پٹھان ممتاز ماہر تعلیم اور ماہر طبقات الارض ہیں ۔ ا ن کی تعلیمی خدمات زائد از چار دہائیوں پر محیط ہیں۔ طالب علم کی حیثیت سے وہ ہمیشہ اول رہے اور کرناٹک یونیورسٹی نے انھیں دو مرتبہ پاواٹے رینگلر ایوارڈ سے نوازا جو ایک منفرد اعزاز ہے ۔ انڈین نیشنل سائنس اکیڈمی (INSA) نے انھیں انڈین نیشنل کمیٹی فار انٹرنیشنل یونین آف جیولوجیکل سائنسس کا رکن نامزد کیا ۔

پروفیسر پٹھان نے بنگلور یونیورسٹی میں جیالوجی کے لیکچرر کی حیثیت سے اپنے تدریسی سفر کا آغاز کیا ۔ وہ شعبہ جیالوجی کے پروفیسر اور صدر بھی رہے ۔ انھو ں نے یونیورسٹی کے کئی اہم عہدوں بشمول انچارج وائس چانسلر ، رجسٹرار ، رجسٹرار(جانچ) کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔کرناٹک اسٹیٹ اوپن یونیورسٹی کے قیام کے لیے انھیں آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی مقرر کیا گیا تھا ۔

1996ءمیں پروفیسر پٹھان کو کرناٹک یونیورسٹی ، دھارواڑ کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ۔ انھیں اس عہدے پر متواتر 2 میعادوں کی تکمیل کا اعزاز حاصل ہے۔پروفیسر اے ایم پٹھان کو 2004 ءمیں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، حیدرآباد کا دوسرا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ۔ انھو ں نے یونیورسٹی کے تعلیمی اور طبعی ڈھانچے کی تعمیر میں اہم رول اداکیا ۔
پروفیسر پٹھان نے ریاستی اور قومی سطح پر مختلف کمیٹیوں میں خدمات انجام دیں۔ وہ متعد د جامعات کی ایکزیکیٹو اور اکیڈمک کونسل کے علاوہ وزارت فروغ انسانی وسائل اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی مختلف کمیٹیوں کے بھی رکن رہے ہیں ۔ انھیں وائس چانسلر وں کے تقرر کے لیے قائم کردہ "سرچ کمیٹیوں " اور مختلف تدریسی عہدوں پر تقرر کے لیے قائم کردہ سلیکشن کمیٹیوں میں کام کرنے کا بھی اعزاز حاصل رہا ہے ۔ پروفیسر پٹھان 2008ءمیں اسوسیشن آف انڈین یونیورسٹیز کی صدارت کے باوقار عہدے پر فائز ہوئے ۔ اعلیٰ تعلیم کے شعبہ میں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف کے طور پر پروفیسر پٹھان کو کئی اعزازات سے نوازا گیا ۔

پروفیسر پٹھان کو اردو یونیورسٹی سے سبکدوشی کے بعد نوتشکیل شدہ سینٹرل یونیورسٹی آف کرناٹک (گلبرگہ) کا بانی وائس چانسلر مقررکیا گیا ۔اس طرح انھوں نے وائس چانسلر کے عہدے پر مسلسل چوتھی میعاد کی تکمیل کی ۔ پروفیسر اے ایم پٹھان کو ایک ایسے قابل منتظم اورمشفق ماہر تعلیم کے طور پر پہچانا جاتا ہے جو ملک کے مختلف حصوں میں لاتعداد ہندوستانیوں کو معیاری اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے سرگرداں رہے ہیں ۔

 


Blue ThemeRed ThemeGreen Theme